سٹی 42 : وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایران پر اسرائیلی حملے کے خلاف بھرپور موقف اپنایا، مشکل وقت میں ایران کے بہن بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے قومی اسمبلی اجلاس میں کیا، کہا کہ ایرانی مستقل مندوب نے حمایت پر سیکورٹی کونسل میں پاکستان کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت ایران کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے ۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا فروغ چاہتا ہے، دنیا خطے میں امن کے لئے پاکستان کے کردار کا اعتراف کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کے نہتے مسلمانوں کو نہ کبھی بھلایا ہے نہ بھلائیں گے، پاکستان نے غزہ کے مسلمانوں پر جاری مظالم کی ہمیشہ مذمت کی، فلسطینی کاز ہمارے دلوں کے قریب ہے، پاکستان نے ہر عالمی فورم پر فلسطینی بہن بھائیوں کے لئے آواز اٹھائی، فلاحی تنظیمیں بڑھ چڑھ کر فلسطینی عوام کے لئے امداد بھیج رہی ہیں ۔
عطا تارڑ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا اکائونٹ ایران کے بارے میں خاموشی کیوں ہے، ایک پارٹی کی خاتون رہنماء نے اسرائیل کی حمایت میں تقریر کی، پارٹی نے خاتون رہنما کے اسرائیل کی حمایت میں بیان کی مذمت تک نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک سے باہر بیٹھ کر پروپیگنڈا کرنے والے ملک کا نقصان کرتے ہیں ۔