ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

 پیشہ ور گداگروں کے خلاف دوبارہ بھرپور کریک ڈاؤن، لاہور ٹریفک پولیس  کوتمام سگنلز خالی کرانے کا حکم

 پیشہ ور گداگروں کے خلاف دوبارہ بھرپور کریک ڈاؤن، لاہور ٹریفک پولیس  کوتمام سگنلز خالی کرانے کا حکم
کیپشن: file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

عابد چودھری:لاہور ٹریفک پولیس نے شہر بھر میں پیشہ ور گداگروں کے خلاف ایک بار پھر بھرپور کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے ڈویژنل ایس پیز اور سرکل افسران کو خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

سی ٹی او لاہور نے حکم دیا ہے کہ شہر کے کسی بھی ٹریفک سگنل پر کوئی بچہ، خاتون، بزرگ یا خواجہ سرا بھیک مانگتا نظر نہیں آنا چاہیے۔ انہوں نے سیف سٹی ٹریفک مانیٹرنگ ٹیموں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ لمحہ بہ لمحہ فیلڈ عملے کو صورتحال سے آگاہ رکھیں تاکہ کارروائیاں مؤثر انداز میں جاری رہ سکیں۔

گداگری کے خاتمے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ کارروائیوں کے لیے بڑی بسیں بھی فراہم کر دی گئی ہیں۔ سی ٹی او کے مطابق نادرا کے تعاون سے گرفتار گداگروں کا ڈیٹا حاصل کرکے ان کے خلاف ایف آئی آرز درج کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ رات کے وقت ٹریفک سگنلز سے چھیڑ چھاڑ کرنے والے عناصر کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے دوران مجموعی طور پر ایک ہزار 855 گداگروں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ اس دوران جعلی معذوری یا دیگر بہانوں سے بھیک مانگنے والے عادی گداگروں کے خلاف 220 مقدمات بھی درج کیے گئے۔

اعداد و شمار کے مطابق کارروائیوں کے دوران 710 خواتین، 742 مرد، 209 بچوں اور 204 خواجہ سراؤں کو مختلف ٹریفک سگنلز سے تحویل میں لیا گیا۔

سی ٹی او لاہور نے تمام ڈویژنل اور سرکل افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی نگرانی میں آپریشن کو کامیاب بنائیں۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ پیشہ ور گداگروں کی حوصلہ افزائی نہ کریں۔

انہوں نے کہا، "آپ کی محنت کی کمائی دھوکہ بازوں کے لیے نہیں"، جبکہ ان کا مزید کہنا تھا کہ عادی گداگر ہمدردی حاصل کرنے کے لیے اکثر جعلی معذوری کا سہارا لیتے ہیں۔