ویب ڈیسک:اسرائیلی بمباری سے پہلے ہی زخموں سے چور غزہ ایک اور المیے کا شکار ہو گیا، جہاں شدید سردی اور طوفانی موسم نے مزید قیمتی جانیں نگل لیں۔
مقامی صحت حکام کے مطابق منگل کو آنے والے شدید طوفان کے دوران تباہ حال عمارتیں اور دیواریں گرنے سے کم از کم پانچ فلسطینی شہید ہو گئے، جن میں دو خواتین، ایک بچی اور ایک مرد شامل ہیں۔
غزہ سٹی کے سب سے بڑے الشفا اسپتال نے بتایا کہ جاں بحق افراد کی لاشیں اسپتال منتقل کی گئیں، جبکہ کئی دیگر افراد شدید زخمی ہیں۔
امدادی اداروں کا کہنا ہے کہ دو سال سے زائد عرصے کی مسلسل اسرائیلی بمباری کے بعد غزہ کے عوام خطرناک حالات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
اگرچہ 10 اکتوبر سے جنگ بندی نافذ ہے تاہم خوراک، ایندھن اور محفوظ پناہ گاہوں کی شدید کمی نے لوگوں کو سردی کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔
غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق ایک سالہ معصوم بچہ رات کے وقت شدید سردی کے باعث ہائپوتھرمیا سے جاں بحق ہو گیا۔