ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

گوہر خان نے چینک، احمد چٹھہ نے پیالی سے دل لگا لیا

چینک، انتخابی نشان چینک، گوہر خان، Gohar Khan, Teapot, City42, Election2024
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: سپریم کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انٹرا پارٹی انتخابات اور بلے کے انتخابی نشان سے متعلق کیس کے فیصلے کا انتظار کرتے پی ٹی آئی امیدواروں نے دوسرے انتخابی نشان لے لیے۔ 

سپریم کورٹ سے فیصلے کے بعد عمران خان کے نامزد پارٹی لیڈر  گوہر خان نے چینک کے انتخابی نشان پر صبر شکر کر لیا۔ 

گوجرانوالا میں پی ٹی آئی کے امیدواروں نے پی ٹی آئی نظریاتی کے انتخابی نشان لینے کی کوشش کی لیکن الیکشن کمیشن کا اعلان سامنے آنے کے بعد یہ نشان لینے کی درخواستیں واپس لے لیں اور پھر کسی کو وکٹ تو کسی کوریکٹ کا انتخابی نشان ملا۔

  گوہر خان کی جانب سے اپنے ٹکٹ یافتہ قرار دیئے گئے امیدواروں میں سے کسی نے اپنے لیے رولر کوسٹر کا انتخابی نشان چن لیا تو کسی کو اسٹیبلائیزر  پسند آیا اور کسی امیدوار نے اپنے لیے میز پسند کیا  تو کوئی کرسی کا شیدائی نکلا۔ جبکہ وزیرآباد سے پی ٹی آئی کے لیڈر اور حامد ناصر چٹھہ کے صاحبزادے احمد چٹھہ نے  پیالہ پسند کیا۔

ہفتہ کی شب الیکشن کمیشن نے انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ کا وقت سپریم کورٹ کے فیصلے میں تاخیر کے سبب 12بجے تک بڑھا دیا تھا۔

اس سے قبل انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ کا وقت شام 4 بجے تک مقرر تھا لیکن سپریم کورٹ کے فیصلے کے انتظار میں الیکشن کمیشن نے پہلے 7 بجے، پھر 9 بجے، ساڑھے دس بجے، پھر گیارہ بجے، ساڑھے گیارہ بجے اور پھر شب 12 بجے تک انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ کے وقت میں توسیع کی تھی۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات اور بلے کے انتخابی نشان کے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی کو کوئی انتخابی نشان نہ دینے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ بحال کر دیا تھا۔ اب خود کو پی ٹی آئی سے منسوب کرنے والے امیدوار اپنی اپنی پسند کے انتخابی نشانوں پر الیکشن لڑیں گے جب کہ بہت سے امیدواروں نے بلے کا نشان نہ ملنے کے بعد کاغذات نامزدگی واپس لینا شروع کر دیا۔