ویب ڈیسک : لاہور کے علاقے ہیئر میں گھریلو ملازمہ کی پراسرار موت کا واقعہ سامنے آیا ہے، کہا یہ گیا ہے کہ ملازمہ فلیٹ کی چھٹی منزل سے گر کر جاں بحق ہوئی، تاہم یہ خودکشی ہے یا قتل؟ اس حوالے سے پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں ۔
لاہور میں گھریلو ملازمہ پراسرار طور پر فلیٹ کی چھٹی منزل سے گر کر جاں بحق ہوگئی، پولیس کا کہنا ہے کہ یہ خودکشی ہے یا قتل؟ حقائق تحقیقات کے بعد سامنے آئیں گے۔
پولیس کے مطابق ہیئرکی رہائشی 18سالہ سمیہ اپنی والدہ نسرین کے ساتھ عسکری فلیٹس میں اسکول ٹیچرکے گھر کام کرتی تھی۔ جس وقت یہ واقعہ ہوا ، اس وقت مالک مکان کی رشتہ داربوڑھی خاتون اورکچن میں کام کرنے والی ملازمہ صرف گھر پرتھیں، باقی تمام لوگ شادی پر گئے ہوئے تھے۔
سمیہ کی والدہ نے کہا ہے کہ جب میں کام پر پہنچی تو کچھ ہی دیر میں مجھے پتا چلا کہ میری بیٹی چھٹی منزل سے گر کر ہلاک ہوگئی ہے، سمیہ 7 بہن بھائیوں میں چھٹے نمبرپر تھی۔
سمیہ کے بھائی اور والد کا کہنا ہے کہ کسی سے دشمنی ہے نہ ہی لین دین کا کوئی تنازعہ ہے، ہمیں نہیں معلوم یہ سب کیسے ہوا ہے، انہوں نے اعلیٰ حکام سےجلد حقائق کو سامنے لانے کا مطالبہ کیا ہے۔
پولیس نے جائے وقوعہ سےسی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حقائق پوسٹ مارٹم کی رپورٹ اور تفتیش کے بعد جلد سامنے آجائیں گے۔