سٹی 42 : ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے کمبوڈیا میں انسانی سمگلنگ نیٹ ورک کے اہم ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم زین اللہ انسانی سمگلنگ اور بین الاقوامی فراڈ کے نیٹ ورک میں ملوث پایا گیا، ملزم ستمبر 2024 میں پاکستان سے کمبوڈیا گیا تھا، ملزم نے کمبوڈیا میں آن لائن فراڈ کمپنی میں کام کیا اور بعد ازاں بطور ایجنٹ پاکستان سے افراد کو بھرتی کرنے میں ملوث رہا۔
ترجمان ایف آئی اےکا کہناہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم ایک منظم فراڈ اور انسانی سمگلنگ کے نیٹ ورک کا حصہ ہے، ملزم کے زیر استعمال موبائل فون کے تجزیے کے دوران متعدد افراد کے پاسپورٹس کی تصاویر، ادائیگیوں کی رسیدیں اور بینک اکاؤنٹس سے ہونے والی ٹرانزیکشنز برآمد ہوئیں،ملزم نے رقوم ذاتی بینک اکاؤنٹس اور کرپٹواکاؤنٹ کے ذریعے وصول کی۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزم کو مزید قانونی کارروائی کیلئے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیا، جس سے مزید تفتیش جاری ہے۔