ویب ڈیسک: وزارت مذہبی امور کو حج 2026 کے لیے سرکاری اسکیم کے تحت اب تک 95 ہزار 100 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جبکہ درخواستوں کی وصولی کا عمل 16 اگست 2025 تک جاری رہے گا۔
ترجمان وزارت مذہبی امور، عمر بٹ کے مطابق، "پہلے آئیے، پہلے پائیے" کی بنیاد پر درخواستوں کی وصولی جاری ہے۔ اب تک 95,100 افراد نے سرکاری حج اسکیم کے تحت درخواستیں جمع کرائی ہیں، جبکہ مزید 23 ہزار افراد کے لیے کوٹہ دستیاب ہے۔
انہوں نے کہا کہ 16 اگست تک درخواستوں کی وصولی کا عمل جاری رہے گا، جو افراد بھی درخواست دینا چاہیں وہ اپنے متعلقہ بینک میں جا کر یا وزارت مذہبی امور کےآن لائن پورٹل پرجا کر اپنی حج کی درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان کا رواں سال حج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 افراد کا ہے، حج پالیسی کے تحت 70 فیصد افراد سرکاری سکیم اور 30 فیصد افراد پرائیویٹ سکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے۔ گزشتہ ماہ وفاقی کابینہ نے باضابطہ طور پر حج پالیسی 2026 کی منظوری دی تھی، جس میں حج سیزن کے لیے اہم طریقہ کار، مالی اور لاجسٹک اقدامات بیان کیے گئے تھے۔
وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ سعودی عرب نے پاکستان کے لیے کل ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین کا کوٹہ مختص کیا ہے، (ایک لاکھ 19 ہزار 210 سرکاری اسکیم کے تحت اور 60 ہزار نجی آپریٹرز کے لیے) جو سعودی حکام کی حتمی منظوری سے مشروط ہے۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکیم میں روایتی 38 تا 42 روزہ پیکج کے ساتھ ساتھ مختصر 20 تا 25 روزہ آپشن بھی دیا جائے گا۔ تخمینی اخراجات 11 لاکھ 50 ہزار سے 12 لاکھ 50 ہزار روپے کے درمیان ہوں گے، جو سروس فراہم کرنے والوں کے ساتھ طے پانے والے معاہدوں پر منحصر ہوگا۔