خان شہزاد: توانائی بچاؤ پالیسی کے پیش نظر مارکیٹس کے محدود اوقات کار کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، جس پر گروسری سٹورز کے اوقات کار میں نرمی کا مطالبہ سامنے آ گیا ہے۔
کریانہ مرچنٹس ایسوسی ایشن اور مختلف گروسری سٹور مالکان نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ سٹورز کو رات 10 بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت دی جائے تاکہ شہریوں کو سہولت مل سکے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ دفاتر سے واپسی کے بعد وہ بمشکل شام 8 بجے گھر پہنچتے ہیں، جس کے باعث روزمرہ استعمال کی اشیاء خریدنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
سپر سٹورز پر آنے والے صارفین نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ اوقات کار میں توسیع کی جائے تاکہ وہ آرام سے خریداری کر سکیں۔
شہریوں کے مطابق موجودہ اوقات کار کے باعث نہ صرف گھریلو امور متاثر ہو رہے ہیں بلکہ رش بھی بڑھ رہا ہے، جس سے مزید مسائل جنم لے رہے ہیں۔
دوسری جانب تاجر برادری کا مؤقف ہے کہ اگر اوقات کار بڑھائے جائیں تو نہ صرف کاروبار بہتر ہوگا بلکہ عوام کو بھی واضح سہولت میسر آئے گی۔
شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ توانائی بچاؤ پالیسی میں نرمی کرتے ہوئے گروسری سٹورز کو رات 10 بجے تک کھولنے کی اجازت دی جائے تاکہ عوامی مشکلات کا ازالہ ممکن ہو سکے۔