(قیصر کھوکھر)محکمہ داخلہ نے تیس سکیورٹی کمپنیوں کو شو کاز نوٹس جاری کر دئیے۔سیکورٹی کمپنیوں کو مختلف قوانین کی خلاف ورزی پر شو کاز نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ کی جانب سے قوانین کی خلاف ورزی پر تیس سکیورٹی کمپنیوں کو شو کاز نوٹس جاری کر دئیے ہیں جبکہ بیس سکیو رٹی کمپنیوں کے لائسنس منسوخ کئے گئے ہیں۔
محکمہ داخلہ کے ذرائع کے مطابق کئی سکیورٹی کمپنیوں نے اپنے گارڈ کو تربیت نہیں دلائی جس کی وجہ سے بہت سے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ غیر تربیت یافتہ سکیورٹی اہلکار کے ہاتھوں میں اسلحہ تھما دینا غیر ذمہ دارانہ اقدام ہے۔کئی سیکورٹی کمپنیاں لائسنس کا دورانیہ مکمل ہونے کے باوجود کام کر رہی تھیں جو کہ قانون کی خلاف ورزی ہے۔محکمہ داخلہ کے پاس سوا تین سو متحرک کمپنیاں ہیں۔
واضح رہے کہ قبل ازیں کم عمر بچوں کو اسلحہ لائسنس جاری کرنے کا انکشاف ہوا تھا جس پر محکمہ داخلہ پنجاب نے تمام اضلاع کے ڈی سی رپورٹ طلب کی تھی جبکہ تمام ڈی سی کو اسلحہ لائسنس کی نادرا سے مل کر جانچ ہڑتال کرنے کی ہدایت کر دی گئی تھی۔محکمہ داخلہ نے تمام ڈی سی کو بیک ڈیٹ میں اسلحہ لائسنس جاری کرنے سے روک دیا تھا جبکہ کم عمر بچوں کے اسلحہ لائسنس منسوخ کرنے کی ہدایت کی تھی۔