سٹی 42: وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے خیبرپختونخوا میں 2 مختلف آپریشنز میں 35 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے دراندازی کرنے والےدہشتگردوں کے عزائم کو خاک میں ملایا ، جری جوانوں کی بہادری اور استقامت ہمارے غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد دہشتگردی کے لیے سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
چوہدری انوار الحق نے جنوبی وزیرستان میں وطن پر جان قربان کرنے والے 12 جوانوں کو بھی زبردست الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا، کہا کہ شہداء کے لواحقین کے دکھ میں برابر شریک ہیں، شہداء کی لہو سے رقم قربانیاں ہمارے مضبوط حوصلے کی عکاس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے شہداء ہمارا فخر ہیں ، انشاء اللہ ، سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں رنگ لائیں گی ۔