سٹی 42 : صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ترکی اور آذربائیجان کی پارلیمانوں کے اسپیکرز کی ملاقات ہوئی۔
صدرِ مملکت نے سہ فریقی اسپیکرز کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر ترکی اور آذربائیجان کے اسپیکرز کو مبارکباد دی۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان، ترکی اور آذربائیجان کے تعلقات مشترکہ مذہب، اعتماد اور امن کی بنیاد پر استوار ہیں۔
آذربائیجان کی اسپیکر صاحبہ غفاروا نے صدرِ مملکت کو آذربائیجان کی قیادت کے نیک جذبات اور نیک خواہشات پہنچائیں۔ انہوں نے صدر کو آگاہ کیا کہ پہلی کانفرنس آذربائیجان، دوسری ترکی اور تیسری پاکستان میں منعقد ہوئی۔ آذربائیجان کی اسپیکر نے پاکستانی ارکانِ پارلیمان کو باکو کا دورہ کرنے کی دعوت دی تاکہ ماحولیاتی تبدیلی پر تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
صدرِ مملکت نے ترکی کی جانب سے پاکستان کی اقوامِ متحدہ انسانی حقوق کونسل کی رکنیت کی حمایت کو سراہا۔ آصف علی زرداری نے سہ رُخی ریلوے اور تجارتی راہداری منصوبوں کو علاقائی روابط کیلئے اہم قرار دیا۔
صدرِ آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان، ترکی اور آذربائیجان امن، استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف کیلئے مل کر کام کرتے رہیں گے۔