سٹی 42 : قومی اسمبلی میں پاکستان آرمی ایکٹ, پاکستان ایئر فورس ایکٹ, پاکستان نیوی ایکٹ ترمیمی بل کثرت رائے سے منظور کرلیے گئے، سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی بل بھی کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔
اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی اجلاس دوبارہ شروع ہوگیا۔ جس کے آغاز میں اسپیکر سردار ایاز صادق نے سری لنکا کی ٹیم کا دورہ جاری رکھنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے صدر، کرکٹ ٹیم، کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
وزیراعظم شہباز شریف بھی ایوان میں پہنچ گئے۔
قومی اسمبلی اجلاس میں وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے خطاب کے دوران کہا کہ میں خود ہسپتال گیا اور زخمی وکلاء کی عیادت کی۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ کل تاریخی ساز آئینی ترمیم پاس کی گئی سارے ایوان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے سب کو مبارک باد دی۔
وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ آئینی عدالت قائم ہو گئی ہے۔ 243 میں بھی کچھ تبدیلیاں کی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عہدوں پر تعیناتیاں ہونی ہیں اس حوالے سے تین قوانین کی سمریاں آئی تھیں۔
قومی اسمبلی اجلاس کے دوران وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان آرمی ایکٹ میں ترمیم کا بل، پاکستان ایئر فورس ایکٹ میں ترمیم کا بل، اور پاکستان نیوی آرڈیننس میں ترمیم کا بل پیش کیا۔ اس کے علاوہ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی بل بھی پیش کیا گیا، یہ بل وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پیش کیا۔
بلز کے لئے رولز معطل کرنے کی تحریک منظور کی گئی، یہ تحریک وزیر دفاع خواجہ آصف نے پیش کی۔
پاکستان آرمی ترمیمی بل کثرت رائے سے منظورکرلیا گیا، اسی طرح پاکستان ایئر فورس ترمیمی بل بھی کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔
سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ترمیمی بل بھی کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا، بل وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے منظوری کے لئے پیش کیا۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پاکستان آرمی ایکٹ، پاکستان ائیر فورس ایکٹ اور پاکستان نیوی ایکٹ میں ترامیم کی منظوری دی گئی تھی۔