شاہد سپرا:لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے "نیٹ بلنگ پالیسی" کے تحت سولر سسٹم استعمال کرنے والے صارفین کو کنکشن دینے کا عمل شروع کر دیا ہے۔
نئی پالیسی کے تحت گھریلو اور کمرشل صارفین ڈسٹری بیوشن سسٹم پر 14 کلوواٹ تک کے سولر سسٹمز نصب کروا سکیں گے۔
ذرائع کے مطابق 14 کلوواٹ سے زائد لوڈ رکھنے والے صارفین کو اپنا علیحدہ ٹرانسفارمر نصب کروانا ہوگا۔ کنکشن کے حصول کیلئے ابتدائی مرحلے میں صارفین اور لیسکو کے درمیان باقاعدہ معاہدہ کیا جائے گا، جس کے بعد نیٹ بلنگ پالیسی کے تحت صارفین کو 5 سال تک بجلی پیدا کرنے کی اجازت حاصل ہوگی۔
حکام کا کہنا ہے کہ منظور شدہ کمپنیوں کے ذریعے آن لائن درخواستیں جمع کروانے کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے جبکہ لیسکو نے جنریشن لائسنس کے حصول کیلئے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو درخواستیں بھجوانا شروع کر دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق نیپرا سے لائسنس ملنے کے بعد کنکشن کا تمام تر عمل آن لائن مکمل کیا جائے گا، تاہم صارفین کو اپنی درخواستوں کی فائل متعلقہ دفتر میں جمع کروانا بھی لازم ہوگا۔ حکام کے مطابق اس اقدام سے سولر انرجی کے فروغ اور متبادل توانائی کے استعمال میں اضافہ ہوگا۔