(توقیر اکرم) نابینا افراد مسلسل حکومتی وعدہ خلافیوں سے گرمی کھا گئے، پریس کلب کے باہر اودھم مچانے کے بعد کلمہ چوک پہنچ گئے، ٹریک پر دھرنا دیکر میٹرو بس بند کر دی اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔
سٹی 42 ذرائع کے مطابق بینائی سے محروم افراد اپنے مطالبات منوانے کیلئے گزشتہ روز سے کلمہ چوک میٹرو ٹریک پر دھرنا دیئے بیٹھے ہیں جس کے باعث کل سے میٹرو بس سروس بند ہے، جس سے ہزاروں مسافر متاثر ہورہے ہیں مگر ابھی تک کوئی حکومتی نمائندہ مظاہرین سے مذاکرات کرنے کیلئے نہیں آیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ انہیں نوکریاں دی جائیں اور ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کیا جائے۔ کلمہ چوک پر جاری احتجاج کے دوران نابینا افراد کا کہنا تھا کہ جب تک انکے مطالبات پورے نہیں ہوں گے دھرنا جاری رہے گا۔