اویس کیانی :نادرا نے واضح کیا ہے کہ ڈیجیٹل شناختی کارڈ اب فزیکل شناختی کارڈ کے مساوی ہے، تاہم بعض سرکاری دفاتر اور ادارے ابھی بھی ڈیجیٹل کارڈ کے بجائے فزیکل کارڈ یا اس کی فوٹو کاپی طلب کر رہے ہیں، جو کہ موجودہ قانونی و ضابطہ جاتی فریم ورک کے منافی ہے۔
نادرا آرڈیننس کے تحت جاری کیے گئے ریگولیشن 9 اور 10 کے مطابق، ڈیجیٹل شناختی اسناد قانونی طور پر شناخت کا درست ثبوت سمجھی جائیں گی۔
اس اقدام سے شناختی کارڈ کی غیر ضروری فوٹو کاپیوں کی ضرورت کم ہوگی، شہریوں کے ذاتی ڈیٹا کا تحفظ یقینی بنے گا اور شناختی معلومات کے غلط استعمال کی روک تھام ممکن ہوگی۔
نادرا نے تمام سرکاری محکموں، عوامی اور مالیاتی اداروں، اور ٹیلی کام آپریٹرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان احکامات پر مکمل عمل درآمد کریں۔ شہری اپنی شکایات نادرا کے سرکاری شکایتی نظام کے ذریعے درج کرا سکتے ہیں۔