ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی؛ سندھ اسمبلی کا اجلاس پیر تک ملتوی

عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی؛ سندھ اسمبلی کا اجلاس پیر تک ملتوی

سٹی 42 : سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہرسال کی طرح اس سال بھی عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا حکومت ترجیح ہے۔ سندھ اسمبلی کا اجلاس پیر کے روز 10 بجے تک ملتوی کردیا گیا ۔ 

آئی ایم ایف کی پابندیوں کے باوجود ہم نے ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے. انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم کےلیے زیادہ فنڈز مہیا کیے۔ اس سال صحت پر 344 ارب روپے خرچ کیے گئے۔ 

مراد علی شاہ نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی میں پورے پاکستان سے زیادہ مریضوں کا علاج کیا گیا، ایس آئی سی وی ڈی کے پاس اسپتالوں کا وسیع نیٹ ورک ہے۔ انہوں نے کہا کہ گمبٹ انسٹی ٹیوٹ میں اس سال 308 لیور ٹرانسپلانٹ کیے گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ ایس آئی سی ایچ میں بچوں کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، یہ بچوں کی صحت کا دنیا کا سب سے بڑا نیٹ ورک ہے ۔ 

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ جے پی ایم سی میں دو سال کے دوران بستروں کی تعداد دگنی کردی گئی ہے، جناح دنیا کی واحد جگہ ہے جہاں سائبر نائف علاج مفت فراہم کیا جاتا ہے، بلقیس عبدالستار ایدھی بریسٹ ریڈیولاجی اسپتال کی تعمیر جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایس آئی یو ٹی صحت کا جنوبی ایشیا کا سب سے بڑا سرکاری ادارہ بن گیا ہے، ایس آئی یو ٹی کے پاس پاکستان کا سب سے بڑا ڈائلائسز سنٹر ہے ۔