ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف 14 سے 15 جون 2023 تک آذربائیجان کا سرکاری دورہ کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم صدر الہام علیوف کی دعوت پر یہ دورہ کر رہے ہیں، آذربائیجان کے ساتھ تعاون کے ترجیحی شعبوں کی نمائندگی کرنے والے وزراء وزیر اعظم کے وفد کا حصہ ہوں گے۔ وزیر اعظم صدر الہام علیوف سے تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی سمیت تعاون کے اہم شعبوں پر بات چیت کریں گے۔ دونوں رہنما کثیرالجہتی فورمز میں باہمی تعاون کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات عقیدے، ثقافت اور تاریخ کی مشترکات سے جڑے ہوئے ہیں، پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات باہمی اعتماد اور علاقائی اور عالمی معاملات پر نظریات کے تبادلے سے مضبوط ہوتے ہیں۔ قیادت کی سطح پر متواتر تبادلے دونوں ممالک کے درمیان دوستی کے رشتوں کو اجاگر کرتے ہیں۔