( ویب ڈیسک )امریکا اور ایران کے درمیان ہفتے کے آخر میں ہونے والی تازہ فوجی کارروائیوں کے بعد عالمی مالیاتی منڈیوں میں اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا، جبکہ سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق اسپاٹ گولڈ کی قیمت میں ایک وقت میں 1.6 فیصد تک کمی آئی اور یہ تقریباً 4,050 ڈالر فی اونس کی سطح پر آگیا، جبکہ گزشتہ ہفتے بھی سونے کی قیمت میں 1.4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
ادھر آبنائے ہرمز کی صورتحال بدستور غیر یقینی ہے، ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کو "غیر معینہ مدت تک بند" کرنے کے دعوے کے بعد امریکا نے اس بیان کی تردید کر دی۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے مطابق ایک مال بردار بحری جہاز پر حملے کے جواب میں امریکی افواج نے ایک ہفتے کے دوران چوتھی بار ایران میں مختلف اہداف کو نشانہ بنایا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث توانائی کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے، جس سے عالمی مہنگائی میں مزید اضافہ اور مرکزی بینکوں کی جانب سے شرح سود بڑھانے کے امکانات بھی مضبوط ہو سکتے ہیں۔