ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیرداخلہ محسن نقوی سرکاری دورے پر ایران پہنچ گئے، ائرپورٹ پر پرتپاک استقبال

وزیرداخلہ محسن نقوی سرکاری دورے پر ایران پہنچ گئے، ائرپورٹ پر پرتپاک استقبال
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42 : وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سرکاری دورے پر ایران پہنچ گئے۔ 

امام خمینی انٹرنیشنل ائرپورٹ پر ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے پاکستانی ہم منصب محسن نقوی کا پرتپاک استقبال کیا۔ ایران کی وزارت داخلہ کے اعلی حکام، ایران میں پاکستان کے سفیر محمد مدثر ٹیپو، قونصلر آفتاب بٹ اور سفارتی افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ 

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی ایرانی ہم منصب سے ملاقات ہوئی، جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور پاک ایران تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

ایرانی وزیر داخلہ نے اس موقع پر کہا کہ اپنے بھائی کو ایران آمد پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔ یقینا آپ کا دورہ پاک ایران تعلقات کے فروغ میں معاون ثابت ہو گا۔  

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ایران ہمارا برادر ہمسایہ ملک ہے، دوطرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ پاک، ایران اور عراق سہ ملکی کانفرنس سے زائرین کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔  

وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور صدر مسعود پزشکیان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ 

واضح رہے کہ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کل تہران میں انتہائی مصروف دن گزاریں گے ۔ محسن نقوی زائرین اور بارڈر ایشوز پر کل  تہران میں منعقدہ سہ ملکی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ سہ ملکی کانفرنس میں ایران  اور عراق کے وزرائے داخلہ بھی شریک ہوں گے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے بھی ملاقات کریں گے۔ 

یاد رہے کہ زائرین، بارڈر اور دیگر متعلقہ مسائل کے حل کیلئے پاکستان کی درخواست پر  سہ ملکی کانفرنس کا انعقاد ہو رہا ہے۔