وقاص عظیم :سابق نگراں وفاقی وزیر تجارت و صنعت اور چیئرمین ایکنامک پالیسی اینڈ بزنس ڈویلپمنٹ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے صنعتوں کے لیے مہنگی بجلی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔
ایک بیان میں گوہر اعجاز نے کہا کہ نیپرا کی سماعت میں بتایا گیا کہ آئندہ برس 629 ارب روپے کی سبسڈی درکار ہوگی جبکہ حکومت 248 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کرے گی باقی ماندہ381 ارب روپے کی باقی رقم کراس سبسڈی کے ذریعے ادا کی جائے گی۔
گوہر اعجاز نے کہا کہ کراس سبسڈی سے صنعتوں کے لیے بجلی مہنگی ہوگی صنعتیں دیگر صارفین کو سبسڈی فراہم کر رہی ہیں، کراس سبسڈی کی وجہ سے ملکی صنعتیں بند ہو رہی ہیں۔
پاور سیکٹر کی بد انتظامی اور نا اہلی کے باوجود اگر صنعتوں پر کراس سبسڈی کا بوجھ نہ ہو تو انڈسٹریل ٹیرف آج بھی 9 سینٹ ہوتا۔
گوہر اعجاز نے کہا کہ ہر کوئی یہ جانتا ہے کہ صنعتیں لاکھوں لوگوں کو روزگار فراہم کر رہی ہیں یہ سمجھنا ہوگا کہ اگر صنعتیں بند ہوگئیں تو روزگار کون فراہم کرے گا ؟