ویب ڈیسک: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینئر رہنما مولانا سلیم اللہ خان ترکئی انتقال کر گئے، جس پر جماعت کے حلقوں میں گہرے رنج و غم کی فضا قائم ہے۔
مولانا سلیم اللہ خان ترکئی کے انتقال پر جمعیت علمائے اسلام (ف) کے صدر مولانا فضل الرحمان اور پارٹی ترجمان اسلم غوری نے دلی افسوس اور دکھ کا اظہار کیا ہے۔
جے یو آئی (ف) کے مرکزی میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق ترجمان اسلم غوری نے کہا کہ برادرم مولانا سلیم اللہ خان ترکئی کی وفات کی خبر سن کر دل انتہائی رنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک باوفا، دلیر اور مخلص ساتھی سے محروم ہو گئے ہیں، جن کی کمی طویل عرصے تک محسوس کی جاتی رہے گی۔
اسلم غوری کا کہنا تھا کہ مرحوم ایک پختہ نظریاتی دوست اور جماعت کے سنجیدہ رہنما تھے۔ ان کے ساتھ عشروں پر محیط رفاقت رہی اور وہ ہر دور میں اصولی موقف اور نظریاتی سیاست پر ثابت قدم رہے۔ مولانا سلیم اللہ خان ترکئی نے جماعت کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
ترجمان جے یو آئی (ف) نے مرحوم کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مولانا سلیم اللہ خان ترکئی کی دینی، سیاسی اور سماجی خدمات کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور انہیں جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔
انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جماعت ان کے دکھ اور درد میں برابر کی شریک ہے۔ اسلم غوری نے دعا کی کہ اللہ کریم مرحوم کے لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور انہیں صبرِ جمیل عطا کرے۔