(مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن نے سندھ کے دوسرے مرحلہ کے بلدیاتی انتخابات15 جنوری کو کروانے کا اعلان کردیا۔
چیف الیکشن کمشنر کے زیرصدارت الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ختم ہو گیا، جس میں صوبائی گورنمنٹ سندھ کی درخواست اور نوٹیفکیشنوں پر غور کیا گیا، صوبائی حکومت نے کراچی ڈویژن، حیدرآباد اور دادو ضلع کی دو تحصیلوں خیرپور ناتھن اور مہر کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔
الیکشن کمیشن نے قانونی اور آئینی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت کی بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کو نامنظور کر دیا . الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ کراچی ڈویژن، حیدرآباد اور دیگر اضلاع میں انتخابات شیڈول کے مطابق 15 جنوری کو ہی ہوں گے۔
اس ضمن میں الیکشن کمیشن ایک آرڈر جاری کر رہا ہے، الیکشن کمیشن کی وزارت داخلہ کو ہدایت دی گئی ہیں کہ انتخابات کے دوران انتہائی حساس پولنگ سٹیشنوں پر فوج/ رینجرز کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے۔
جماعت اسلامی ( Jamaat -e- Islami ) کراچی کے امیر نعیم الرحمان نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد آج بروز جمعہ 13 جنوری کو الیکشن کمیشن سندھ کے دفتر کے باہر دھرنا اور احتجاج کا فیصلہ ملتوی کردیا ۔
میڈیا سے گفتگو میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنا کردار ادا کر رہا ہے، انتخابات ملتوی کرانے کی بات کرنے والے عوامی رائے سے ڈرتے ہیں، انہیں معلوم ہے کہ یہ عوام کے پاس جائیں گے تو انہیں کچھ نہیں ملے گا۔