ویب ڈیسک:کبیر والا میں آٹے کی لائن میں کھڑا شخص دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا۔
کشمور میں بھی بچوں کی روٹی کے لیے آٹے کے طلب گاروں پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا۔کوئٹہ، سرگودھا اور ملتان سمیت کئی شہروں میں بھی آٹا نہ ملنے کی وجہ سے شہری پریشان ہیں۔
دوسری جانب متعدد شہروں میں آٹے کی قیمتوں میں کمی کردی گئی، اسلام آباد کی اوپن مارکیٹ میں آٹا 15 روپے کلو تک سستا کردیا گیا ہے۔لاہور میں 15 کلو کمرشل آٹے کی قیمت 2100 روپے سے کم ہوکر 1750 روپے ہوگئی۔
کوئٹہ میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 100 روپے کی کمی کے بعد قیمت 2800 سے کم ہوکر 2700 روپے ہوگئی۔پشاور میں مکس آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 3100 سے کم ہوکر 2800 روپے کا ہوگیا۔
قبل ازیں خانیوال میں سستے آٹے کےحصول کیلئےغریب شہری جان کی بازی ہار گیا تھا۔افسوسناک واقعہ خانیوال کے علاقے سرائے سدھو میں پیش آیا جہاں نواحی علاقے محسن شاہ کا رہائشی آٹے کے حصول کے لیے علی الصبح لائن میں لگا ہوا تھا۔
اس سے قبل ایک افسوسناک واقعہ میرپورخاص میں پیش آیا جہاں سستا آٹا لینے کے دوران رش میں گر کر دم گھٹنے کی وجہ سے مزدور جان کی بازی ہار گیا۔عینی شاہدین کے مطابق مزدور کا لوگوں کے پیروں تلے آنے اور دم گھٹنے سے انتقال ہوا۔