سٹی 42 : سی فوڈ کمپنی کی جانب سے لوگوں کو 12 ہزار 500 روپے سے زائد باآسانی کمانے کی پیشکش کی گئی ہے۔
ہوا کچھ یوں ہے کہ Mowi نامی سی فوڈ کمپنی کی ہزاروں سالمن مچھلیاں ایک فش فارم سے اچانک غائب ہوگئیں، جس کے بعد کمپنی نے یہ اعلان کیا کہ جو کوئی ان مچھلیوں کو پکڑے گا اسے فی مچھلی 45 ڈالر(یعنی 12 ہزار 500 روپے سے زائد ) ملیں گے۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فش فارم کو کھلے پانیوں سے الگ رکھنے کے لیے لگائی گئی رکاوٹوں کو طوفانی موسم کے باعث نقصان پہنچا تھا، جس کی وجہ سے اس کے فش فارم سے ایک لاکھ 5 ہزار مچھلیاں فرار ہوکر شمال مغربی ناروے کے کھلے پانیوں میں داخل ہوگئی تھیں۔
نارویجن حکام کے مطابق مگر Mowi کو وسیع پیمانے پر آپریشن کی اجازت دی گئی ہے کیونکہ مچھلیوں کی تعداد بہت زیادہ ہے، ورنہ عام طور پر کمپنیوں کی جانب سے عموماً مچھلیوں کو پکڑنے کے اس طرح کے آپریشنز کی اجازت ان کے فش فارمز سے ملحق 1640 فٹ کے علاقے میں دی جاتی ہے ۔
ماہرین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ فش فارم سے فرار ہونے والی مچھلیاں اس خطے کے پانیوں میں موجود جنگلی سالمن کے لیے خطرہ ثابت ہوسکتی ہیں۔