سٹی 42 : ضلع لیہ کے علاقے احسان پورہ میں اشتہاریوں کے خلاف آپریشن کے دوران سی سی ڈی کے 4 اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔
انتہائی مطلوب اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے سی سی ڈی ٹیم نے ضلع لیہ کے علاقے احسان پورہ میں آپریشن کیا، سی سی ڈی مظفرگڑھ نے انتہائی مطلوب اشتہاری اقرار حسین عرف اقراری بھلہ اور اسکے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا۔ بتایاگیا ہے کہ اقرار حسین عرف اقراری ضلع مظفرگڑھ کا ٹاپ ون انتہائی مطلوب اشتہاری ہے۔
انتہائی مطلوب اشتہاریوں سے سی سی ڈی ٹیم کا مقابلہ کئی گھنٹے جاری رہا، اشتہاریوں سے مقابلے میں سی سی ڈی کا انسپکٹر محمد نواز اور 3 کانسٹیبل شدید زخمی ہو گئے ۔ اشتہاری اقرار حسین اور اسکے ساتھی شدید فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔
سی سی ڈی کے زخمی اہلکاروں کو کوٹ ادو ہسپتال اور بعد ازاں نشتر ہسپتال ملتان ریفر کر دیا گیا، جس کے بعد خون کا عطیہ دینے کے لیے شہری بڑی تعداد میں ہسپتال پہنچ گئے۔
ترجمان سی سی ڈی کا کہنا ہے کہ سی سی ڈی کا پنجاب بھر میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا ۔