( شاہد ندیم ) موسم کی تبدیلی کیساتھ ہی شہر میں گیس کی طلب میں اضافہ ہوگیا، سوئی ناردرن گیس کمپنی لاہور ریجن نے گھریلو صارفین کو بلا تعطل گیس فراہم کرنے کے لیے تیس ملین کیوبک فٹ اضافی گیس سسٹم میں شامل کرلی۔
سوئی ناردرن گیس کمپنی لاہور ریجن کی جانب سے اضافی گیس کے بعد شہر کو 280 ملین کیوبک فٹ گیس فراہم کی جا سکے گی۔ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ سال دسمبر میں لاہور ریجن کو دو سو پچاس ملین کیوبک فٹ گیس فراہم کی گئی تھی، تاہم رواں سال گیس کی طلب میں اضافہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے وفاقی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں رواں سال اضافی گیس سسٹم میں لائی گئی ہے۔ موسم سرما کی پیک پر تین سو چالیس ملین کیوبک فٹ تک طلب جانےکا امکان ہے۔
چیف انجینئر راشد عنایت نے بتایا کہ گھریلو صارفین کو ہر صورت پریشر کیساتھ گیس فراہم جائیگی۔ صارفین کم پریشر پر کمپریسر لگانے کی بجائے کمپنی کو شکایت درج کرائیں۔ چیف انجینئر کا مزید کہنا تھا کہ کمپنی کی ٹیمیں بروقت صارفین کے مسئلے کا حل نکالیں گی، اس لیے غیر قانونی کام کرنے سے گریز کیا جائے۔