سٹی 42 : ملک بھرکی طرح بلوچستان میں بھی جشنِ آزادی کی تقریبات ملی جوش وخروش کے ساتھ جاری ہیں ۔
جشن آزادی کی مناسبت سے گوادرمیں پروقار تقریب کا انعقاد کیاگیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان، کورکمانڈرکوئٹہ، جی او سی سمیت اعلیٰ حکام اور معزز شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں سیاسی سماجی شخصیات، ماہی گیربرادری، مذہبی شخصیات سمیت عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
تقریب کے دوران معروف گلوکاروں اورمقامی فنکاروں نے ملی، قومی اور بلوچی ثقافتی نغمے پیش کیے۔ تقریب کے دوران فنکاروں نے خصوصی ٹیبلو پیش کیا جبکہ ثقافتی گروپ کے روایتی لیوا رقص نے تقریب کو مزید رنگا رنگ بنا دیا۔
تقریب کے دوران بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح سے متعلق خصوصی ویڈیو اور قومی موضوعات پر دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ تقریب میں شریک مقررین نے قومی اتحاد، امن، ترقی، قومی یکجہتی اور وطن سے محبت کی اہمیت کو اجاگر کیا ۔ شرکا نے بلوچستان بالخصوص گوادر کے نوجوانوں، مقامی ثقافت اور عوامی شرکت کو سراہا۔ جشنِ آزادی کی پروقار تقریب قومی و ثقافتی رنگوں کے ساتھ اختتام پذیرہوئی۔