سٹی 42 : فیلڈ مارشل آرمی چیف سید عاصم منیر کے کامیاب امریکی دورے اور بھارتی عزائم بے نقاب کرنے پر خراج تحسین پیش کرنے کیلئے استحکام پاکستان پارٹی کے ایم پی اے شعیب صدیقی نے پنجاب اسمبلی میں قرار داد جمع کر دی۔
قرارداد کے متن کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کامیاب ملٹری ڈپلومیسی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، بھارت کادہشتگردانہ چہرہ عالمی سطح پر بے نقاب کرنا اورملکی وقار بلند کرنا قابل ستائش ہے۔ بی ایل اے اور مجید بریگیڈ کو عالمی دہشتگرد تنظیمیں قراردینا فیلڈ مارشل کی کاوشوں کا ثمر ہے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں بھارتی سپانسرڈ دہشتگردی کے مؤقف کی عالمی سطح پر توثیق بڑی کامیابی ہے،صوبائی اسمبلی پنجاب کا ایوان سمجھتا ہے کہ" را "کے فتنہ الہندوستان کے ساتھ روابط ہیں، بھارت پاکستان میں دہشتگردانہ کارروائیوں کیلئے فتنہ الہندوستان کو مالی امداد فراہم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ کلبھوشن یادیو کی گرفتاری پاکستان میں دہشتگردوں کی بھارتی سرپرستی کا واضح ثبوت ہے، بھارت کے دہشتگردانہ عزائم نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کیلئے بھی خطرہ ہیں،پنجاب اسمبلی کا ایوان فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کوکامیاب امریکی دورہ پر مبارکباد پیش کرتا ہے۔
قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان میں دہشتگردی کے تناظر میں بھارت کا چہرہ بے نقاب کرنا نا گزیر تھا،یہ ایوان دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ اندرونی وبیرونی سازشوں سے محفوظ رکھے۔