مانیٹرنگ ڈیسک: وزیرجیلخانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان کو پنجاب حکومت کا ترجمان مقررکردیا گیا ہے۔ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے ان کی تعیناتی کی منظوری دیدی۔فیاض الحسن چوہان نے ترجمان بنتے ہی دوسرے تمام ترجمانوں کی چھٹی کرادی، وہ میڈیا محاذ پر اکیلے لڑیں گے
رپورٹ کے مطابق وزیراطلاعات پنجاب کے عہدے پر چھٹی بار یہ تبدیلی آئی ہے سب سے پہلے حکومت نے فیاض الحسن چوہان کو وزیر اطلاعات تعینات کیا مگر کچھ عرصے بعد انہیں ہٹا کر میاں اسلم اقبال کو یہ ذمہ داری سونپ دی گئی، لیکن چند ماہ بعد ہی وزیراعلیٰ پنجاب نے ان سے بھی یہ قلمدان واپس لے لیا اور صمصام بخاری کو اس عہدے پر تعینات کیاگیا۔
صمصام بخاری بھی کچھ عرصہ ہی حکومتی موقف پیش کر سکے، جس کے بعد انہیں بھی عہدے سے ہٹادیا گیا اور فیاض الحسن کو دوسری بار صوبائی وزیر اطلاعات ونشریات بنادیا گیا۔ جس کے بعد فردوس عاشق اعوان کو مشیر اطلاعات پنجاب بنایا گیا تاہم اب ان سے پھر یہ قلمدان لے کر فیاض الحسن چوہان کو ترجمان حکومت پنجاب مقرر کیا گیا ہے ۔ یہ امرمعنی خیز ہے کہ ان کو وزیراطلاعات پنجاب مقرر نہیں کیا گیا۔
اپنے تقرر پر ردِ عمل دیتے ہوئے ایک بیان میں فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ ترجمان حکومت پنجاب کی اضافی ذمہ داری دیے جانے پر اعلیٰ قیادت کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے اعتماد پر پورا اتروں گا، بطور ترجمان حکومتِ پنجاب، بزدار حکومت کی کامیابیاں عوام کے سامنے لانا میرا بنیادی ایجنڈا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بزدار حکومت کے خلاف اپوزیشن کی سازشوں کو بے نقاب کریں گے۔