ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

اوگرا کا بڑا ایکشن،پیٹرول پمپ پر کروڑوں کا جرمانہ عائد

اوگرا کا بڑا ایکشن،پیٹرول پمپ پر کروڑوں کا جرمانہ عائد
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: پٹرولیم مصنوعات میں ملاوٹ اور غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کے خلاف  آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے مظفر گڑھ میں ایک پیٹرول پمپ مالک کو بھاری جرمانہ کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اوگرا نے رانا فلنگ اسٹیشن کے مالک پر ایک کروڑ 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا، جبکہ پمپ کا این او سی بھی منسوخ کر دیا گیا۔

یہ کارروائی اس وقت عمل میں آئی جب نجی ٹی وی پر تیل کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی سے متعلق خبر نشر ہوئی، جس کے بعد اوگرا ٹیموں نے چھاپہ مار کارروائی کی۔

ذرائع کے مطابق پیٹرول پمپ پر بغیر لائسنس ایک لاکھ 35 ہزار لیٹر سے زائد پیٹرول اور ڈیزل ذخیرہ کیا گیا تھا۔ لیبارٹری رپورٹ میں یہ بات ثابت ہوئی کہ دونوں مصنوعات میں مضرِ صحت کیمیکلز کی ملاوٹ کی گئی تھی۔

رپورٹ میں مزید انکشاف ہوا کہ پمپ پر ذخیرہ کیے گئے تیل میں کیمیکل ملا کر مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جاتا تھا، جس سے شہریوں کی گاڑیوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ تھا۔

اوگرا نے مزید سخت اقدامات کرتے ہوئے پمپ کی مشینری، ایکوئپمنٹ اور اسٹوریج ٹینکس کو سرکاری تحویل میں لینے کے احکامات جاری کر دیے ہیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ کو تمام پیٹرولیم مصنوعات قبضے میں لینے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔

حکام کے مطابق یہ پیٹرول پمپ ایک نجی آئل کمپنی کے تحت کام کر رہا تھا، جس کے خلاف بھی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اوگرا نے واضح کیا ہے کہ عوام کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔