(عابد چودھری)شہر کی اہم شاہراہوں پر احتجاجی سلسلوں کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم، ٹریفک جام میں پھنسے شہریوں کو گھنٹوں خواری کا سامنا کرنا پڑا۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں جاری احتجاجی سلسلوں کے باعث رائیونڈ روڑ، پنڈ ارائیاں، کرول گھاٹی رنگ روڈ،بتی چوک،شاہدرہ چوک میں ٹریفک جام رہی جبکہ ایل ڈی اے چوک،خیابان چوک،شنگھائی پل،غازی چوک،امیر چوک،مصری شاہ میں ٹریفک کے مسائل رہے، اس کے علاوہ باگڑیاں چوک گرین ٹائون،چونگی امرسدھو،موہلنوال،بھٹہ چوک،سکیم موڑ،یتیم خانہ چوک،کماہاں روڈ پر بھی ٹریفک پھنسی رہی، دروغہ والا،نیازی شہید چوک،مل پلی،مسلم ٹائون فلائی اوور،ای ایم ای،شاہ کام چوک،کچا جیل روڈ اور چوہنگ سمیت مختلف علاقوں میں ٹریفک جام رہی۔
ٹریفک جام کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جس سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرناپڑا،موٹروے پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔ ملتان روڈ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں،تصادم کے دوران پتھرائو اور تشدد کے باعث درجنوں پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ جبکہ مظاہرین کی جانب سے ایمبولینسز کو بھی راستے نہ دئے گئے،شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر ٹریفک جام کے باعث آکسیجن کی سپلائی بھی متاثر رہی، اشیا ضروریہ کی سپلائی بھی شہر میں داخل نہ ہو سکی۔
علاوہ ازیں شنگھائی برج فیروزپور روڈ پر مذہبی جماعت کے کارکنوں کو منتشر کرنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری موجود تھی ۔روڈ خالی نہ کرنے پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان پتھراو اور شیلنگ شروع ہو گئی ۔شیلنگ کے باعث مظاہرین شنگھائی روڈ اور کماہاں روڈ کی جانب سے نکل گئے ۔شیلنگ ختم ہونے کے بعد مظاہرین دوبارہ شنگھائی برج پر آگئے اور پولیس کو واپس جانا پڑا۔ مظاہرے کے باعث ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر رہی ۔کاروباری مراکز بھی شیلنگ اور پتھراو کے باعث بند رہے اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔