سٹی42:خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ کی نمازِ جنازہ آج بعد از عصر ادا کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق طیفی بٹ کی لاش کو رحیم یارخان کےہسپتال میں مکمل پوسٹ مارٹم کےبعد ورثاکےحوالےکردیاگیا ہے۔ نمازِ جنازہ 50 ایم، گلبرگ، نصیر آباد میں رکھی گئی ہے، جہاں ان کے مداح، رشتہ دار اور دوست شرکت کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جنازے میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے سیکیورٹی کے انتظامات کریں گے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جائے۔ مزید یہ کہ جنازہ کے بعد طے ہے کہ متعلقہ حکام مسئلے کی تفصیلات اور مکمل تفتیشی عمل کے ساتھ عوام کو آگاہ کریں گے۔
یاد رہے کہ کل صبح طیفی بٹ جو کہ امیر بالاج قتل کا مرکزی ملزم تھا، اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک کیا گیا تھا۔ ملزم کیخلاف مقدمہ نمبر 1163/24 تھانہ چوہنگ میں درج تھا،ملزم10اکتوبرکو قائداعظم انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر اترا،سی سی ڈی ٹیم نے کراچی ایئرپورٹ سے3بجےکےقریب تحویل میں لیا، 11اکتوبرکی صبح سی سی ڈی کی ٹیم سنجرپور ضلع رحیم یار خان کےقریب پہنچی، کئی مسلح حملہ آوروں نےسی سی ڈی کی گاڑی کوروک کراندھادھندفائرنگ کی۔
فائرنگ کے دوران طیفی بٹ اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر موقع پر ہلاک ہو گیا جبکہ ڈرائیور نور علی دائیں بازو پر گولی لگنے سے زخمی ہوا، جسے فوری طبی امداد دی گئی۔واقعے کے بعد طیفی بٹ کی لاش ٹی ایچ کیو ہسپتال صادق آباد منتقل کر دی گئی۔
پولیس نے طیفی بٹ کو فرار کروانے کی کوشش اور حملہ کرنے والے ملزمان کے خلاف تھانہ کوٹ سبزل میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔مقدمہ ڈی ایس پی سی سی ڈی سید حسین حیدر کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔