سرکاری اراضی واگزار کرانے کیلئے انتظامیہ کا گرینڈ آپریشن

سرکاری اراضی واگزار کرانے کیلئے انتظامیہ کا گرینڈ آپریشن
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( راؤ دلشاد ) تاج پورہ اسکیم میں سرکاری اراضی واگزار کرانے کے لیے گرینڈ آپریشن، نو کنال پانچ مرلہ اراضی واگزار کرالی، ڈی جی ایل ڈی اے عثمان معظم کہتے ہیں کہ سرکاری اراضی واگزار کرا کر فوری قبضے کی مربوط حکمت عملی پر گامزن ہیں۔

ہیوی مشینری، اہلکاروں اورپولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ ڈی جی ایل ڈی اے عثمان معظم کی قیادت میں گرینڈ آپریشن کیا گیا۔ تاجپورہ مین بازار سے پانچ کنال جبکہ اسکیم سے ملحقہ چارکنال اراضی واگزار کرالی گئی۔ ڈی جی ایل ڈی اے کا کہنا تھا کہ سرکاری اراضی کو واگزار کرانے کے لیے بھرپور مہم جاری ہے، تاجپورہ کی پرائم لوکیشن پر کروڑوں مالیت کی اراضی واگزار کرائی گئی ہے۔

تاجپور سکیم میں ساڑھے چار کنال اراضی پر پانچ پانچ مرلے کے اٹھارہ رہائشی پلاٹ واگزار کرائے گئے، ان پلاٹوں پر قبضہ کرکے بارہ دکانیں، احاطے اور دو منزلہ مکان تعمیر کیا گیا تھا۔ ڈی جی ایل ڈی اے نے کہا کہ واگزار کرائی گئی اراضی کو فوری قبضے میں لینے کے لیے واضح حکمت عملی مرتب کی جاچکی ہے۔ ایل ڈی اے غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے کے لیے دن رات کوشاں ہے۔

عثمان معظم کا مزید کہنا تھا کہ بیشتر مرتبہ تاجپورہ کی اراضی واگزار کرانے کی کوشش کی گئی لیکن قبضہ مافیا غالب آتا رہا، تاہم سرکاری اراضی واگزار کرانے کے لیے زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔