(سٹی 42) قصور کی ننھی زینب کو انصاف مل گیا، لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے زینب قتل کیس کے مجرم عمران کے بلیک وارنٹ جاری کردیئے ہیں جس کے تحت مجرم کو 17 اکتوبر کو پھانسی دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج شیخ سجاد احمد کے روبرو پراسیکیوٹر عبدالروف وٹو نے دلائل دیئے جس کے بعد عدالت نے مجرم عمران کے بلیک وارنٹ جاری کیے ۔عدالت سے جاری بلیک وارنٹ کے مطابق قصور کی 7 سالہ زینب کے اغوا، زیادتی اور بہیمانہ قتل کے مجرم عمران کو17 اکتوبر کو سینٹرل جیل لاہور میں پھانسی دی جائے گی اور مجرم کو مجموعی طور پر 21 بار سزائے موت کا حکم دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ عدالت نے کائنات بتول کیس میں مجرم عمران کو 3 بار عمر قید اور23 سال قید کی سزاسنائی ہے،اس کے علاوہ عدالت نے مجرم کو 25 لاکھ روپےجرمانہ اور 20 لاکھ 55 ہزار روپے دیت ادا کرنے کا بھی حکم دیا،عدالت زینب سمیت 7 بچیوں تحمینہ، ایمان فاطمہ، عاصمہ، عائشہ آصف، لائبہ اور نور فاطمہ کےقتل کیس کا فیصلہ بھی سناچکی ہے۔