احمد منصور: بھارت کے گودی میڈیا پر بیٹھے مودی نواز اینکر پرسنز نے ایک بار پھر کشمیری مسلمانوں کے خلاف زہر اگلنا شروع کر دیا ہے۔ بھارتی چینل ریپبلک ٹی وی کے اینکر ارنب گوسوامی نے اپنے حالیہ پروگرام میں مسلمانوں اور کشمیری رہنماؤں کے خلاف نفرت انگیز گفتگو کرتے ہوئے انتہائی متعصب اور اشتعال انگیز بیانات دیے۔
ارنب گوسوامی نے پروگرام کے دوران کہا کہ بھارت کے تعلیم یافتہ مسلمان ’’ملک دشمن‘‘ ہیں اور ان کے مطابق بھارت میں ’’وائٹ کالر جہاد‘‘ چل رہا ہے، جس کے ذریعے مسلمان مبینہ طور پر ملک کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے سابق وزیراعلیٰ جموں و کشمیر عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی کو بھی ’’منافق‘‘ اور ’’دھوکے باز‘‘ قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ یہ رہنما بھارت دشمن قوتوں کے آلہ کار ہیں۔
گوسوامی نے مزید کہا کہ بھارت میں کچھ صحافی ایسے ہیں جو حافظ سعید جیسے افراد کو اپنا آئیڈیل سمجھتے ہیں۔ اس طرح کے بیانات نے بھارتی میڈیا کی جانب سے مسلمانوں کے خلاف منظم نفرت پھیلانے کے رجحان کو ایک بار پھر نمایاں کر دیا ہے۔
سیاسی و سماجی حلقوں نے ارنب گوسوامی کے ان بیانات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کے متعصب تبصرے نہ صرف صحافتی اقدار کی توہین ہیں بلکہ بھارت میں مسلمانوں کے خلاف تشدد اور نفرت کو ہوا دینے کا سبب بھی بن رہے ہیں۔ ’’وائٹ کالر جہاد‘‘ جیسے الفاظ کا استعمال کشمیری مسلمانوں کے خلاف ایک منظم نفرت انگیز بیانیے کی واضح مثال ہے۔