سٹی 42: حکومت سندھ کا توانائی کے ممکنہ چیلنجز سے نمٹنے کے لئے کفایت شعاری اقدامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔ سرکاری افسران کو فراہم کیے جانے والے فیول میں 50 فیصد کمی اور سرکاری گاڑیوں کا 60 فیصد حصہ گراؤنڈ کرنے کی ہدایات جاری کردی گئیں ۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت قائم کفایت شعاری کمیٹی کے اہم اجلاس ہوا۔ کفایت شعاری کمیٹی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آپریشنل وہیکلز، پولیس موبائل، ایمبولنسز، فائر برگیڈ اور دیگر ضروری گاڑیاں مستثنیٰ ہونگی۔
اجلاس میں صوبائی وزراء سید ناصر حسین شاہ، سعید غنی، ضیاء الحسن لنجار اور مکیش کمار چاولہ سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔
اجلاس میں توانائی کے مؤثر استعمال، سرکاری اخراجات میں کمی، عوامی خدمات کی فراہمی کو متاثر کیے بغیر وسائل کے بہتر انتظام اور دیگر انتظامی امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ سرکاری محکموں کے ساتھ ساتھ بلدیاتی اداروں کی گاڑیوں کے ایندھن میں بھی 50 فیصد کمی کی جائے گی،ایندھن کے غیر ضروری استعمال کو روکنے کے لئے سرکاری گاڑیوں کا 60 فیصد حصہ فوری طور پر گراؤنڈ کرنے کا بھی فیصلہ کرلیاگیا ۔ اجلاس میں سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن کو سرکاری گاڑیوں کو گراؤنڈ کرنے کے اختیارات دے دیے گئے ۔کفایت شعاری کمیٹی کی جانب سے سیکریٹری جی اے کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات کی گئی ۔
گراؤنڈ کی جانے والی گاڑیوں کے نمبرز اور دیگر تفصیلات جمع کرنے کے لئے ایک باقاعدہ پروفارما تیار کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
اگر کوئی محکمہ ان ہدایات کی خلاف ورزی کرے گا تو متعلقہ گاڑی کو تحویل میں لیا جا سکے گا،عملدرآمد کی نگرانی اور خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی سیکریٹری جی اے اور سیکریٹری ایکسائز پر مشتمل ایک مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دی گئی ۔مانیٹرنگ کمیٹی گراؤنڈ ہونے والی گاڑیوں کی مکمل فہرست بھی مرتب کرے گی ، کمیٹی ممبران کی ہدایات کی گئی ۔
اجلاس میں حکومتی منصوبوں کے لیے مختص گاڑیوں (پروجیکٹ وہیکلز) کی چھان بین اور ان کی ریکوری کے لیے بھی طریقہ کار پر غور کیاگیا۔ تمام پروجیکٹ وہیکلز کی تفصیلات حاصل کر کے انہیں جلد از جلد ریکور کیا جائے اور رپورٹ پیش کی جائے۔
سرکاری دفاتر ہفتے میں چار دن معمول کے مطابق کھلیں گے، جمعے کے روز ورک فرام ہوم ہوگا، کمیٹی کی جانب سے حکومتی فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنانے کا فیصلہ کیاگیا ۔
اجلاس میں کفایت شعاری سے متعلق سندھ کابینہ کے دیگر فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کا لئے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کرتےہوئے کہا گیا کہ صوبے بھر کے اسکول 16 مارچ سے 31 مارچ تک بند رہیں گے، امتحانات اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق ہی منعقد ہوں گے اور انہیں ملتوی نہیں کیا جائے گا، شرجیل انعام میمن نے کہا موجودہ حالات کے پیش نظر حکومت سندھ وسائل کے محتاط استعمال کو یقینی بنا رہی ہے ،فیصلوں کا مقصد عوامی خدمات کی فراہمی متاثر ہوئے بغیر توانائی کے استعمال میں کمی لانا ہے، تمام محکموں کو کفایت شعاری کے ان اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کرنا ہوگا ۔