(سٹی 42) کورونا وائرس جو چین سے شروع ہوا اب پوری دنیا میں پھیل رہا ہے، کورونا وائرس نے پنجاب میں بھی دستک دیدی ہے، اب تک صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں 63 مشتبہ مریض رپورٹ ہوئے۔
کورونا وائرس بخار سے شروع ہوتا ہے جس کے بعد خشک کھانسی آتی ہے، یہ وائرس سانس کے ذریعے ایک سے دوسرے انسان میں منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے، حکومت اس جان لیوا وائرس کی روک تھام کیلئے مختلف اقدامات کررہی ہے۔
طبی ماہرین نے پاکستانی عوام کو اس وائرس سے بچنے کیلئے مختلف تدابیر اپنانے کی ہدایات کی ہیں،طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ شہریوں کو چاہیے کہ صاف ستھری اورصحت مندغذا استعمال کریں ، شہری ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب برتیں، موجودہ صورتحال میں پانی کا استعمال زیادہ کردیں، کھلی جگہوں پر کھانسنے اور چھینکنے سے اجتناب برتیں ایک دوسروں سے لی گئی چیزوں سے بھی اجتناب برتیں۔
ملک بھر کے سرکاری و نیم سرکاری اداروں میں کورونا وائرس سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اپنائی جانے لگیں، چیئرمین لاہور بورڈ پروفیسر ریاض ہاشمی نے افسران اور سائلین کے ہاتھ ملانے پر پابندی عائد کر دی اور آفس کے باہر ایک دوسرے سے ہاتھ نہ ملانے کا نوٹس بھی لگادیا، کچھ دفاتر میں ملازمین کو بائیو میٹرک حاضری لگانے سے بھی روک دیا گیا۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے کورونا ا وائرس سےنمٹنے اور حفاظتی اقدامات کے لیے بجٹ 26 کروڑ سے بڑھا کر ایک ارب کردیا،حکومت کی جانب سے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے بیرون ملک سے ضروری طبی آلات بھی فوری منگوانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ دنیا بھر کے 99 ممالک میں کورونا وائرس پھیل چکا ہے،جس سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے، اٹلی میں ایک ہی روز میں 133افراد جان سے گئے، تعداد 366 ہوگئی ہے، اٹلی کی 25فیصد آبادی قرنطینہ میں منتقل کردی گئی، ایران میں 49افراد کی ہلاکت کے بعد تعداد 194تک جاپہنچی، چین میں مزید 28افراد لقمہ اجل بنے، دنیابھرمیں ہلاکتوں کی تعداد 3ہزار8سےبڑھ گئی جبکہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 9ہزار سے تجاوز کر گئی۔