ویب ڈیسک : روس میں فیول کی ترسیل اور طلب و رسد میں ممکنہ مسائل کے خدشے کے پیش نظر حکومت نے ایندھن کی مارکیٹ کے لیے ایک نیا پیشگوئی نظام تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق روسی نائب وزیراعظم الیگزینڈر نوواک نے ہدایت جاری کی ہے کہ علاقائی سطح پر فیول مارکیٹ کے حالات کا تفصیلی ڈیٹا اکٹھا کر کے ایک پیشگوئی ماڈل بنایا جائے تاکہ سپلائی میں رکاوٹوں کی قبل از وقت نشاندہی کی جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس نظام کا مقصد ایندھن کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانا اور قیمتوں میں توازن برقرار رکھنا ہے۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب روس کے مختلف علاقوں، خصوصاً کریمیا میں، فیول کی قلت اور پٹرول پمپس کی بندش کی رپورٹس سامنے آئی ہیں۔
ماہرین کے مطابق یوکرین کی جانب سے روسی ریفائنریز اور سپلائی لائنز پر حملوں کے بعد ملکی ایندھن نظام پر دباؤ بڑھ گیا ہے، جس کے باعث حکومت کو ہنگامی اقدامات کرنا پڑ رہے ہیں۔
روس کا کہنا ہے کہ توانائی کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ملکی طلب پوری کرنے کے لیے پیداواری صلاحیت کو زیادہ سے زیادہ استعمال کریں۔