درِ نایاب: پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے ماحول دوست ٹرانسپورٹ نظام کی جانب اہم قدم اٹھاتے ہوئے فیول پر چلنے والی بسوں کو فُلی الیکٹرک بسوں سے تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے تحت چلنے والی بسوں کی تبدیلی کیلئے خواہشمند فرموں سے درخواستیں طلب کرلی گئی ہیں، جس کی آخری تاریخ 16 جولائی مقرر کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق 16 جولائی سے کمپنیوں کی باقاعدہ پری کوالیفکیشن کا عمل شروع کیا جائے گا۔
مراسلے کے مطابق ایسی کمپنیوں کو ترجیح دی جائے گی جنہیں 12 میٹر طویل فُلی الیکٹرک بسیں فراہم کرنے کا مکمل تجربہ حاصل ہو۔ کمپنیوں کیلئے الیکٹرک بسوں کے سو فیصد اصلی پارٹس کی فراہمی، مرمت اور مینٹیننس کا تجربہ رکھنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔
شرائط کے مطابق الیکٹرک چارجنگ اسٹیشنز کی تنصیب اور کمیشننگ کی ذمہ داری بھی متعلقہ کمپنی کی ہوگی جبکہ ڈرائیورز کی تربیت اور بسوں کے آپریشن کا انتظام بھی کمپنیوں کے سپرد کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق بسوں کو الیکٹرک نظام پر منتقل کرنے کا مقصد ماحول دوست پالیسی کو فروغ دینا اور وزیراعلیٰ پنجاب کی کاربن فری ٹرانسپورٹ پالیسی کے تحت پبلک ٹرانسپورٹ کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔