کورونا کے جعلی سرٹیفکیٹ دینے پر ہسپتال بند، متعدد افراد گرفتار

کورونا کے جعلی سرٹیفکیٹ دینے پر ہسپتال بند، متعدد افراد گرفتار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ماینٹرنگ ڈیسک)چین کے شہر ووہان سے جنم لینے والے کورونا وائرس کی دنیا بھر میں تباہ کاریاں جاری ہیں، عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں اب تک  5 لاکھ 62 ہزار 820 افراد ہلاک اور ایک کروڑ 26 لاکھ 25 ہزار 860 افراد متاثر ہو چکے ہیں، بنگلا دیشں میں بھی کورونا وائرس نے پنجے گاڑ لیے، بنگلا دیش میں کورونا وائرس نے 181,129  افراد کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، مہلک وائرس سے 2,305 افراد موت کے منہ میں چلے گئے جبکہ  88,034 افراد کو کورونا کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئے، بنگلا دیش میں کورونا کے جعلی سرٹیفکیٹ جاری کرنے پر ہسپتال کو بند کرکے اس کے مالک سمیت متعدد ہیلتھ ورکرز کو گرفتار کرلیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ریپڈ ایکشن بٹالین نے ڈھاکہ کے ریجنٹ ہسپتال پر چھاپہ مارا جس میں یہ سکینڈل سامنے آیا، ترجمان اینٹی کرائم یونٹ کا کہنا تھا کہ ہسپتال نے 10 ہزار سے زائد نمونے اکٹھا کیے لیکن صرف 4200 ٹیسٹ کیے جبکہ ہسپتال نے تمام نمونوں کی رپورٹس جاری کر دیں، ریجنٹ ہسپتال نے اپنے کمپیوٹر لیب میں کورونا وائرس کی جعلی رپورٹیں تیار کیں، ہسپتال کی رجسٹریشن 2014 میں ختم ہوگئی تھی جس کے بعد ہسپتال کو غیر قانونی طور پر چلایا جارہا تھا، ہسپتال میں کورونا کے ٹیسٹ کی کم از کم فیس 45 ڈالر لی جارہی تھی جبکہ کورونا کے مریضوں کے علاج کیلئے بھی بھاری رقم وصول کی جارہی تھی، حکومت سے معاہدے کے تحت ہسپتال کو کورونا کا ٹیسٹ اور مریضوں کا علاج مفت کرنا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سکینڈل سامنے آنے کے بعد بنگلادیش کے ڈی جی ہیلتھ نے ہسپتال کے تمام آپریشنز معطل کرنے کے احکامات دے دیئے جبکہ ہسپتال کے مالک اور منیجنگ ڈائریکٹر سمیت 9 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے. دوسری جانب اینٹی کرپشن نے بھی جعل سازی کا سکینڈل سامنے آنے پر ہسپتال کے خلاف تحقیقات کا اعلان کردیا، مرکزی بینک نے ہسپتال کے مالک کے تمام اکاؤنٹس منجمد کردیئے ہیں۔

Sughra Afzal

Content Writer