انور عباس: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیرصدارت سرکاری اداروں کی نجکاری کمیشن کااجلاس ہوا، جس میں سرکاری اداروں کی نجکاری پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کمیٹی نے شفاف، مسابقتی اور مؤثر نجکاری کے عمل پر تبادلۂ خیال کیا، اسحاق ڈار نے منصفانہ مارکیٹ ویلیوایشن پر زور دیا، جس میں اثاثے اور مستقبل کی صلاحیت دونوں شامل ہیں ۔
ترجمان کے مطابق نجکاری کا مقصد نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور مارکیٹ ڈائنامکس کا جواب دینا ہے۔ اجلاس میں وزراء، معاونِ خصوصی اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
دریں اثنا نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے 9 ویں اسلامی تعاون تنطیم وزارتی کانفرنس برائے خواتین کی تیاریوں کا جائزہ لیا،9ویں او آئی سی کانفرنس پاکستان میں 2026 میں منعقد کی جائے گی۔
ترجمان طاہر حسین اندرابی کے مطابق اجلاس میں پیش رفت کا جائزہ اور وقت پر کوآرڈینشن پر زور دیا گیا،اسحاق ڈار نے تمام متعلقہ وزارتوں اور اسٹیک ہولڈرز کو لاجسٹک اور تھیم کے حوالے سے انتظامات حتمی کرنے کی ہدایات دیں۔
ترجمان کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی شریک ہوئے، کابینہ و انسانی حقوق ڈویژن کے سیکرٹریز اور دیگر وزارتوں کے سینئر افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔