ویب ڈیسک:بنگلہ دیش میں جین زی انقلاب کے بعد آج پہلے عام انتخابات ہو رہے ہیں اور ملک بھر میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔
اسی دوران ضلع گوپال گنج کے صدر علاقے میں ایک پولنگ اسٹیشن کے قریب دیسی ساختہ بم سے دھماکہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہو گئے۔
رپورٹس کے مطابق، مذکورہ واقعہ جمعرات کی صبح تقریباً ساڑھے نو بجے ریشما انٹرنیشنل سکول پولنگ سینٹر میں پیش آیا۔
پولنگ اسٹیشن پر تعینات سب انسپکٹر زاہد الاسلام کے مطابق ووٹنگ کا عمل پرامن طریقے سے جاری تھا کہ اچانک قریبی نہر کے پار سے نامعلوم افراد نے دیسی ساختہ بم پھینکا۔
دھماکے کے نتیجے میں سکونتھا مجمدار اور جمال حسین نامی دو انصار اہلکار زخمی ہوئے جبکہ آرام باغ علاقے کے ایک ووٹر کی 14 سالہ بیٹی آمنہ خاتون بھی زخمی ہو گئی۔
زخمیوں کو فوری طور پر قریبی کلینک منتقل کیا گیا جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد دی گئی،دھماکے سے پولنگ اسٹیشن کے مرکزی دروازے کو جزوی نقصان پہنچا۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور مرکز کے اطراف سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ ووٹنگ کا عمل متاثر نہ ہو۔
حکام کے مطابق واقعے کے باوجود پولنگ کا عمل جاری رکھا گیا۔