جنید ریاض: محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے اساتذہ کی پروموشنز کے حوالے سے اہم فیصلہ کرتے ہوئے ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی (ڈی پی سی) کے اجلاس سال میں چار مرتبہ منعقد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
محکمہ کے مطابق ڈی پی سی اجلاس ہر سال جنوری، اپریل، جولائی اور اکتوبر میں باقاعدگی سے منعقد ہوں گے، جس سے پروموشن کیسز میں تاخیر کو کم کرنے میں مدد ملے گی اور اساتذہ کو بروقت ترقی کے مواقع میسر آئیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے زیرِ التواء کیسز کو جلد نمٹایا جا سکے گا اور ترقیوں کا عمل زیادہ منظم اور شفاف انداز میں آگے بڑھے گا۔ مزید برآں، چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) کی کارکردگی کا جائزہ بھی اس بنیاد پر لیا جائے گا کہ وہ پروموشن کیسز کو کس حد تک بروقت نمٹاتے ہیں۔
محکمہ سکول ایجوکیشن نے ہدایت کی ہے کہ ڈی پی سی اجلاس سے کم از کم 10 دن قبل مکمل ورکنگ پیپر جمع کروانا لازمی ہوگا تاکہ اجلاس میں کیسز پر مؤثر اور بروقت فیصلہ کیا جا سکے۔
حکام کے مطابق کارکردگی کا جائزہ شفاف اور منظم طریقے سے لیا جائے گا تاکہ اساتذہ کے حق میں فیصلے میرٹ پر اور مقررہ وقت کے اندر کیے جا سکیں۔