عابد چودھری:نواب ٹاؤن میں شادی کی تقریب میں ناقص کھانا دینے کا واقعہ میں 200سےزائد افراد کی حالت خراب ہونے پر پنجاب فوڈ اتھارٹی نے نوٹس لے لیا۔
نواب ٹاؤن پولیس نے مارکی کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کرلیا،مقدمہ فوڈ اتھارٹی افسر محمد عارف شہزاد کی مدعیت میں درج کیا گیا ۔مقدمہ فوڈ ایکٹ کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔
پولیس کے مطابق مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج تمام افراد کو ڈسچارج کردیا گیا۔فوڈ اتھارٹی کی درخواست پر قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔
پولیس نے بتایا کہ خیابان کے رہائشی شہری سرفراز کے گھر شادی کی تقریب تھی ،شہری سرفراز نے دی ہال مارک ایونٹس مارکی بک کروائی ،مارکی انتظامیہ کی جانب سے مہمانوں کو ناقص کھانا دیا گیا،شادی کی تقریب میں 360 سے زائد مہمان مدعو تھے۔کھانے کےبعد200سےزائد مہمانوں کی حالت خراب ہوئی۔انتظامیہ کیخلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ہسپتال میں مریضوں ڈاکٹروں ،لواحقین سے ملاقات کی ہے۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے واقعے کافوری نوٹس لیتے ہوئے میرج ہال بند کرکےمقدمہ درج کرا دیا۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق میرج ہال مالکان کیخلاف مقدمے کیلئے متعلقہ تھانے میں استغاثہ جمع کروا دیا گیا۔ہسپتال میں مریضوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے،کھانا کھانے سے مریضوں کو متلی،پیٹ خراب ہونے کی شکایت ہوئی۔
ہسپتال عملہ کے مطابق تمام متاثرہ افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے ،تفصیلی تحقیقات کیلئے نمونے لیبارٹری بھجوائے جائیں گے۔