(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی نے پی ڈی ایم کی ضمنی انتخابات میں حصہ نہ لینے کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے لاہور اور کراچی کے حلقوں میں اپنے نمائندوں کے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی نے پی ڈی ایم کی ضمنی الیکشن نہ لڑنے کی تجویز کو نظر انداز کرتے ہوئے لاہور اور کراچی سے اپنے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے، پیپلزپارٹی لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقوں میں امیدوار کھڑے کیے جبکہ انتخابی مہم کا بھی آغاز کردیا
لاہور کے حلقوں پر پیپلزپارٹی نے اورنگزیب برکی، احمد جواد، فاروق رانا اور امجد جٹ کو ٹکٹ جاری کیا جبکہ کراچی میں شہلا رضا سمیت دیگر امیدواروں نے ضمنی الیکشن کیلیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
واضح رہے کہ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومتی اتحاد کو ضمنی الیکشن نہ لڑنے کی تجویز دی تھی، جس پر وزیراعظم نے انہیں پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو منانے کا ٹاسک بھی دیا تھا۔
دوسری جانب حکومتی اتحاد میں شامل جماعت عوامی نیشنل پارٹی نے خیبرپختونخوا کی نشستوں پر بھی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جبکہ ایم کیو ایم بھی کراچی سے خالی ہونے والے حلقوں میں ضمنی انتخابات لڑ رہی ہے