ویب ڈیسک: ٹائم میگزین نے 2025 کے لیے " پرسن آف دی ایئر" کا اعزاز اس سال مصنوعی ذہانت (AI) کے معماروں کو دیا ہے۔
میگزین کے مطابق یہ ماہرین وہ ذہن ہیں جنہوں نے ایسی ٹیکنالوجی تخلیق کی ہے جس کی وجہ سے دنیا "سوچنے والی مشینوں" کے دور میں داخل ہو رہی ہے۔
اس اعزاز میں ایلون مسک، سیم آلٹمین، جیسن ہوانگ، فئی فئی لی، مارک زکر برگ اور دیگر شامل ہیں، جنہوں نے جدید ترین AI ٹیکنالوجی کو تصور سے حقیقت میں تبدیل کر کے عالمی سماجی، معاشی اور ٹیکنالوجیکل رجحانات کو نئی سمت دی۔
2025 was the year when artificial intelligence’s full potential roared into view, and when it became clear that there will be no turning back.
— TIME (@TIME) December 11, 2025
For delivering the age of thinking machines, for wowing and worrying humanity, for transforming the present and transcending the… pic.twitter.com/mEIKRiZfLo
ٹائم کے ایڈیٹر اِن چیف سیم جیکبز نے کہا کہ یہ انتخاب دنیا کی توجہ اُن افراد پر مرکوز کرنے کا ایک مؤثر طریقہ ہے جو ہماری زندگیوں پر گہرا اثر ڈال رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی کاوشیں انسانیت کے لیے حیرت انگیز ہونے کے ساتھ ساتھ تشویش کا سبب بھی ہیں، کیونکہ یہ لوگ آج کی دنیا کو بدلنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
میگزین کے خصوصی شمارے میں دو کور آرٹس شامل ہیں، جن میں رہنما افراد کو ایک اونچی عمارت کی بیم پر بیٹھا دکھایا گیا ہے، جبکہ "AI" کے حروف بلوپرنٹ کی مانند تعمیر ہوتے نظر آ رہے ہیں۔ یہ تصویر نہ صرف اختراعات بلکہ اس ٹیکنالوجی کے ممکنہ خطرات اور عالمی سرمایہ کاری کے رجحانات کی شدت بھی ظاہر کرتی ہے۔
معروف امریکی ٹیک مارکیٹ انٹیلی جنس پلیٹ فارم 'سی بی انسائیٹس' کے مطابق، 2025 میں AI میں عالمی سرمایہ کاری 200 بلین ڈالر تک پہنچ گئی۔
شمارے میں سال بھر AI کے معاشرتی اور صنعتی اثرات کا جائزہ لیا گیا ہے، جس میں حیرت انگیز پیش رفت کے ساتھ ایسے پہلو بھی شامل ہیں جن سے عالمی سطح پر تشویش پیدا ہوئی۔ ان میں کیلیفورنیا کے ایک 16 سالہ نوجوان کی خودکشی کا واقعہ بھی شامل ہے، جس کے والدین نے اوپن AI کے خلاف مقدمہ دائر کیا اور الزام لگایا کہ چیٹ بوٹ سے گفتگو کے نقصان دہ اثرات مرتب ہوئے۔
ٹائم میگزین نے گزشتہ برس اوپن AI کے ساتھ کئی سالہ معاہدہ بھی کیا تھا، جس کے تحت ادارہ اپنی نیوز آرکائیوز AI ماڈلز کی تربیت کے لیے فراہم کر رہا ہے، جبکہ چیٹ جی پی ٹی صارفین کو ٹائم کی رپورٹنگ تک ریفرنس بیس رسائی حاصل ہے۔
یہ پہلا موقع ہے جب " پرسن آف دی ایئر" کا اعزاز کسی ایک فرد کے بجائے ان ذہنوں کو دیا گیا ہے جنہوں نے ٹیکنالوجی کے مستقبل کو نئے سرے سے تشکیل دیا ہے، اور جن کا اثر آنے والے برسوں میں مزید گہرا ہونے کا امکان ہے۔
Watch Live Public News