چڑیا گھر، وائلڈ لائف، سفاری پارک 5 ماہ بعد کھل گئے

چڑیا گھر، وائلڈ لائف، سفاری پارک 5 ماہ بعد کھل گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مال روڈ (فاران یامین) کورونا کے باعث پانچ ماہ کی بندش کے بعد لاہور چڑیا گھر سمیت پنجاب بھرمیں وائلڈ لائف پارک اور سفاری پارک شہریوں کیلئے کھول دیئے گئے، بچے خوشی سے نہال ہوگئے اور والدین کے ہمراہ تفریح گاہ پہنچ گئے۔

بچوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے پسندیدہ جانور دیکھے اور خوب مزے کیے، بچوں کی خوشی دیکھ کر والدین بھی خوش دکھائی دیئے، چڑیا گھر میں پہلے روز کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا گیا۔

پنجاب وائلڈ لائف کے اعزازی گیم وارڈن بدر منیر نے ڈائریکٹر چودھری شفقت علی کے ہمراہ لاہور چڑیا گھرمیں انتظامات کا جائزہ لیا اور چڑیا گھر آنے والوں میں ماسک تقسیم کیے، لاہور چڑیا گھر کے داخلی دروازوں پر شہریوں کیلئے سینی ٹائزر اورماسک رکھے گئے تھے جبکہ ان کا ٹمپریچر بھی چیک کیا جاتا رہا، پنجاب وائلڈلائف کے اعزازی گیم وارڈن بدرمنیر نے اپنی طرف سے ماسک اورسینی ٹائزرمہیا کیے گئے۔

ڈائریکٹر لاہور چڑیا گھر شفقت علی کا کہنا ہے کہ 5 ماہ کی بندش کے باعث چڑیا گھر کو دس کروڑ کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے، چڑیا گھر میں ہفتہ کے پہلے چار روز میں 4 ہزار سے زائد جبکہ آخری تین روز میں 20 سے25 ہزار افراد آتے ہیں۔

انہون نے کہا کہ گزشتہ عید الاضحیٰ پر 81 ہزار سے زائد افراد لاہور چڑیا گھر آئے تھے جس سے 38 لاکھ سے زائد اور عید الفطر پر ایک لاکھ 50 ہزار افراد لاہور چڑیا گھر آئے تھے جس سے چڑیا گھر کو ستر لاکھ سے زائد کی آمدن ہوئی تھی۔ 

ان کا کہنا تھا کہ چڑیا گھرکو سب سے زیادہ آمدن عید کے دنوں میں ہوتی ہے لیکن دونوں عیدوں اور یوم پاکستان پر چڑیا گھر بند تھا، چڑیا گھر کی آہستہ آہستہ رونقیں بحال ہونا شروع ہوجائیں گی۔

Sughra Afzal

Content Writer