جنید ریاض: صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس کا کہنا ہے کہ سکول داخلہ مہم کو مکمل طور پر کامیاب بنانے کے لئے لوگوں کو سماجی طور پر متحرک کرنے کی ضرورت ہے۔
وحدت روڈ پر واقع قائداعظم اکیڈمی فار ایجوکیشنل ڈویلپمنٹ میں صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس کی زیر صدارت سکولوں کی اپ گریڈیشن اور داخلہ مہم کے حوالے کارکردگی جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں پروگرام ڈائریکٹر پی ایم آئی یو، ڈی جی قائد اور تمام اضلاع کے سی ای اوز و دیگر شریک ہوئے۔ مراد راس کا کہنا تھا کہ سکول داخلہ مہم 2021 کامیابی سے جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سکول داخلہ مہم 2021 کے تحت اب تک چار لاکھ دس ہزار بچے سکولوں میں آئے ہیں۔
ڈاکٹر مراد راس کا کہنا تھا کہ سکول داخلہ مہم 2021 ہمارے بچوں کے مستقبل کے لئے ہے۔ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ محکمہ سکول ایجوکیشن کے ساتھ صرف وہی لوگ منسلک رہیں گے جو کام کرنا چاہتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سکول داخلہ مہم کو مکمل طور پر کامیاب بنانے کے لئے لوگوں کو سماجی طور پر متحرک کرنے کی ضرورت ہے۔ کورونا وائرس کے حوالے صورتحال تشویشناک، ایس او پیز پر عملدرآمد ہر صورت ممکن بنائیں۔