سٹی 42 : منچن آباد دریائے ستلج کے علاقے میں سیلاب متاثرین کو کھانا تقسیم کرنے والی امدادی ٹیم کی کشتی اُلٹ گئی، جس میں سوار 14 افراد میں سے 12 کو ریسکیو کرلیا گیا، جبکہ 2 شخص تاحال لاپتہ ہیں۔
منچن آباد دریائے ستلج کے علاقے چک لالیکا ہٹھاڑ بستی مامونکا کے قریب افسوسناک واقع پیش آیا، جہاں سیلاب متاثرین کو کھانا تقسیم کرنے والی امدادی ٹیم کی کشتی اُلٹ گئی، کشتی میں 14 افراد سوار تھے جن میں سے 12 افراد کو ریسکیو ٹیم نے زندہ دریا سے نکال لیا، جبکہ2 شخص تاحال لاپتہ ہیں، جن کے نام عدنان وینس اور خضر جوئیہ بتائے گئے ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ کشتی میں گنجائش سے زائد لوگوں کے سوار ہونے کی وجہ سے پیش آیا۔ ریسکیو اہلکار کے منع کرنے کے باوجود زبردستی گنجائش سے زائد افراد کشتی پر سوار ہوئے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ گمشدہ افراد کی تلاش کے لیے جاری سرچ آپریشن رات ہونے کے باعث کل صبح تک کے لیے مؤخر کردیا گیاہے۔