ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ میں باپ، چچا اور بیٹی کی بازیابی کی درخواست پر سماعت ،عدالت نے 5 سالہ بچی تحریم فاطمہ کو سی سی ڈی سے دادی کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔
جسٹس اسجد جاوید گھرال نے کیس کی سماعت کی،عدالت میں سی سی ڈی پولیس نے بچی کو پیش کیا، جبکہ درخواستگزارکی جانب سے وکیل نے تفصیلی دلائل پیش کئے، وکیل درخواستگزار کے مطابق پولیس نے 10 اکتوبر کو قاسم اور فخر عباس کو بچی سمیت گھر سے اُٹھایا تھا۔ بعد ازاں پولیس مقابلے میں قاسم ہلاک جبکہ فخر عباس زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ تاہم، بچی اب تک اپنے قانونی لواحقین کے حوالے نہیں کی گئی تھی، جس پر عدالت میں استدعا کی گئی کہ بچی کو فوری طور پر والدین یا قریبی رشتہ دار کے سپرد کیا جائے۔عدالت نے سماعت کے بعد فیصلہ صادر کرتے ہوئے تحریم فاطمہ کو دادی کے حوالے کرنے کا حکم دیا اور ساتھ ہی ہدایت کی کہ زخمی فخر عباس کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔